پیپلز پارٹی کو بھی سندھ میں حمایت کی ضرورت پڑ گئی
اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی سندھ میں حمایت کی ضرورت پڑ گئی۔اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ق لیگ سے رابطہ کیا ہے اور سندھ میں حمایت کا مطالبہ کیا۔پیپلز پارٹی نے ق لیگ سے امیدوار دستبردار کرنے کی بھی درخواست کی۔نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور شریک چئیرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے مابین بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں الیکشن سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل پنجاب میں ق لیگ اور ن لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان ظاہر کیا گیا تھا تاہم کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ق لیگ نے قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے امیدوار میدان میں اتار دئیے تھے۔
، قومی اسمبلی میں سالک حسین، حسین الٰہی، موسی الٰہی اور طارق بشیر چیمہ کو ٹکٹ جاری کئے گئے۔
مسلم لیگ ق کی جانب سے قومی اسمبلی کی 18 نشستوں اور پنجاب اسمبلی کیلئے 36 ٹکٹیں جاری کی گئیں ہیں۔ ق لیگ نے صوبہ خیبرپختونخوا کیلئے 5 امیدواروں، صوبہ بلوچستان کیلئے چار ٹکٹیں جاری کیں۔ اسی طرح ق لیگ نے سندھ کی صوبائی اسمبلی کیلئے 12 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دئیے۔ کراچی سے محمد طارق حسن، ارشد علی خان ،محمد جمیل، سید فیضان انیس کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں جبکہ کوئٹہ سے شکیل روشن، خیرپور سے نیاز حسین، سکھر سے عبدالقادر، جیکب اباد سے نواب علی کو ٹکٹ جاری کئے گئے۔