جلاؤ گھیراؤ کیس؛ ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری پر فرد جرم عائد
لاہور :جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں زیر سماعت 9 مئی کو تھانہ شادمان کو نذر اتش کرنے کے مقدمہ میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس کی سماعت کی جہاں عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس کا جیل میں ٹرائل کرنے کا حکم دے دیا، اس سلسلے میں عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم بھی عائد کر دی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمان کیخلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ نمبر 768/23 درج ہے، عدالت نے سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا، عدالت نے تمام ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کر رکھی ہیں، پراسیکیوشن نے تھانہ شادمان نزر آتش کیس کا چالان جمع کروایا تھا، چالان میں بغاوت سمیت دیگر سنگین الزامات لگائیں گئے ہیں۔
علاوہ ازیں 9 مئی کو فوجی تبصیبات پرحملوں سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت راولپنڈی کی انسداددہشت گردی عدالت میں آج ہوگی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازآصف نامزد 498 ملزمان کے خلاف جیل ٹرائل کا آغازکریں گے، جنہوں نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں کو طلب کر رکھا ہے۔