غیر ملکی صحافی کا نوازشریف سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل سے متعلق سوال
لاہور:ملک بھر میں آج عام انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں اور ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مردوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور مریم نواز ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے ماڈل ٹاؤن پولنگ اسٹیشن پہنچے۔
نوازشریف نے لاہور کے حلقہ این اے 128 میں ووٹ کاسٹ کیا۔نوازشریف نے اس موقع پر ملکی و غیر ملکیوں صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔نوازشریف نے کہا کہ اس بار ملک بھر میں صاف اور شفاف انتخابات ہو رہے ہیں،پاکستان میں ہمیشہ ہی صاف اور شفاف انتخابات ہوئے سوائے بہت پہلے کچھ سالوں کے۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ فوج کے ساتھ ڈیل کریں گے جس کا جواب دیتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ فوج کے ساتھ ڈیل کی کوئی ضرورت نہیں،مجھے فوج کے ساتھ کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا۔
نوازشریف نے کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔ملک سے بدتمیزی اور بدتہذیبی کا کلچر ختم کرنا ہو گا۔ رعونیت ،گالم گلوچ اور قوم کو ورغلانے کا کلچر ختم کرنا ہوگا۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ میاں صاحب سادہ اکثریت ملے گی یا مخلوط حکومت بنائیں گے؟ نوازشریف نے کہا کہ او بھئی خدا کا واسطہ ہے مخلوط حکومت کا نام نہ لیں۔ ملک کے مسائل حل کرنے ہیں تو الیکشن میں ایک جماعت کو مکمل مینڈیٹ ملنا چاہئیے۔مریم نواز کے وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ انتخابی نتائج کے بعد پارٹی کرے گی۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز نے جیلیں کاٹی ہیں۔ہم قربانیاں دے کر یہاں تک پہنچے ہیں۔ ن لیگ کا منشور پڑھ لیں۔پاکستان کے لوگ خوشحال زندگی بسر کریں گے۔