انتخابات 2024 کے غیر سرکاری غیر حتمی نامکمل نتائج میں پی ٹی آئی کو 156 نشستوں پر برتری
لاہور : انتخابات 2024 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی کو 156 نشستوں پر برتری، قومی اسمبلی کی 32 نشستوں پر مسلم لیگ ن، 18 پر پاکستان پیپلز پارٹی کو برتری حاصل، الیکشن کمیشن نے 10 نشستوں کے سرکاری نتائج بھی جاری کر دی۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے الیکشن ڈیش بورڈ کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کی 265 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو 156 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو غیر سرکاری غیر حتمی نامکمل نتائج کے مطابق 32 اور پاکستان پیپلز پارٹی کو 18 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ ختم ہونے کے 16 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اب تک مکمل سرکاری نتائج جاری نہ کر سکا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک صرف 10 قومی اسمبلی کی نشستوں کو سرکاری نتیجہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق آزاد امیدواروں اور ن لیگ کو 4،4 نشستوں اور پیپلز پارٹی کو 2 نشستوں پر فتح حاصل ہوئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ ان کی پارٹی قومی اسمبلی کی 150 نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ یوں تحریک انصاف وفاق اور 2 صوبوں میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ جبکہ پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سے تحریک انصاف کے دفاع میں پیش پیش رہنے والے پارٹی کے ترجمان روف حسن نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔