تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر دیا
اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر دیا ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں جبکہ مرکز اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم )کے ساتھ حکومت بنائی جائے گی۔ رؤف حسن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مسئلے کا حل نہیں۔ مسئلے کا حل پاکستان کی اوورسیز کمیونٹی کی سرمایہ کاری ہے۔ اس عمل کے لیے مستحکم حکومت وقت کی ضرورت ہے۔
رؤف حسن نے بتایا کہ وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ مجھے خان صاحب نے یہ اہم ذمہ داری دی ہے کہ مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطہ قائم کروں۔ بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، کچھ کور کمیٹی کے حوالے سے خان صاحب نے بتایا ہے اس پر بھی عمل درآمد کیا جائے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ہمارے پاس وقت زیادہ نہیں ہے۔
رؤف حسن نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے مجرم کو ملک پر مسلط کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ جو انتخابات جیتا ہے اسے حکومت بنانے دی جائے، کے پی میں علی امین گنڈاپور حکومت بنائیں گے اور بانی پی ٹی آئی نے عامر ڈوگر کو قومی اسمبلی میں چیف منتخب کیا ہے، انٹرا پارٹی انتخابات جتنی جلدی ہو کروا دیئے جائیں، کے پی میں ہم حکومت کی تشکیل کی طرف جا رہے ہیں۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے بیرسٹر گوہر نے میڈیا کو تفصیلات بتا تے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہمارے لوگوں سے رابطے کیے جارہے ہیں اورہمارے لوگوں کو 25، 25 کروڑ روپے کی آفر کی جا رہی ہے۔