سندھ اسمبلی کی منفرد روایت، اراکین نے 3 زبانوں میں حلف اٹھایا
کراچی : سندھ اسمبلی میں نو منتخب اراکین نے 3 زبانوں میں حلف اٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں جن تین زبانوں میں اراکین نے حلف لیا ان میں سندھ ، اردو اور انگریزی زبان شامل ہیں، نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ،قائم علی شاہ، شرجیل میمن، فریال تالپور سمیت زیادہ ترارکان نے سندھی زبان میں حلف اٹھایا، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے دیگر نو منتخب ارکان سے حلف لینے سے قبل خود بطور نو منتخب رکن اسمبلی سندھی زبان میں حلف لیا، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ،سعید غنی، ناصر حسین شاہ اور ایم کیو ایم کے ارکان کی جانب سے اردو زبان میں حلف لیا گیا جب کہ سردار محمد بخش مہر سمیت چند ارکان نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔
بتایا گیا ہے کہ سند ھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا،سندھ اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کی، اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، آغا سراج درانی نے تمام نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا، حلف اٹھانے کے بعد پورا ایوان جئے بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
معلوم ہوا ہے کہ سندھ اسمبلی کے 168 اراکین میں سے 114 کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جب کہ 36 اراکین کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے، آغا سراج درانی نے بھی بطور رکن سندھ اسمبلی حلف اٹھایا، جس کے بعد سپیکر نے تمام نومنتخب اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب اراکین اسمبلی بہترروایات کو قائم رکھتے ہوئے اسمبلی میں اپنا کردار ادا کریں گے، ہم اپنے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوں گے، احتجاج کرنے والوں کو اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ الیکشن کمیشن جائیں، سندھ کے عوام احتجاج کرنے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔