امیر بالاج کی ریکی کے الزام میں دیرینہ دوست گرفتار
لاہور : ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آنے پر انو يسٹی گیشن ٹیم نے امیر بالاج کے درینہ دوست احسن شاہ کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن شاہ کو امیر بلاج ٹیپو کی ریکی کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزم قتل کے وقت پاکستان میں موجود نہیں تھا بلکہ اس نے سعودی عرب سے ملزمان کو ریکی دی اور امیر بالاج کے اس شادی پر جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی معلومات قاتلوں کو فراہم کیں، احسن شاہ نے اس قتل کے عوض 50 لاکھ روپے لیے۔
ملزم احسن شاہ کے اہل خانہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ انویسٹی گیشن ٹیم نے احسن شاہ کو گھر سے گرفتار کیا اور اس پر تشدد بھی کیا گیا، حالاں کہ احسن شاہ نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ لاہور پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف جگہوں پر چھاپے مارے ہیں، اس سلسلے میں لاہور پولیس نے حملہ آور مظفر حسین کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور اہل علاقہ سے دیگر ملزمان کے حوالے سے پوچھ گچھ کی، لاہور پولیس نے اس وقوعہ کی جیو فینسنگ کرکے پانچ سو کالز کو شارٹ لسٹ کیا، ملزمان تک جلد از جلد پہنچنے کے لیے ان کالز کو مزیدشارٹ لسٹ کیا جائے گا، پولیس نے اب تک 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جب کہ پولیس حملہ آور کی تیسری بیوی کا بیان ریکارڈ کرچکی ہے۔