’کھڑی ہوں، لڑ رہی ہوں اور کوشش کر رہی ہوں‘ ثانیہ مرزا نے دل کا احوال سنا دیا
نئی دہلی: بھارت کی سابقہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی نئی انسٹاگرام پوسٹ نے اُن کے دل کا احوال سنا دیا ہے۔ ثانیہ مرزا اب پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے خلع لینے کے بعد سے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آ رہی ہیں مگر اُن کی ہر آنے والی پوسٹ میں ان کے دکھ ، درد اور تکلیف کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں ثانیہ مرزا کے والد نے اُن کی شعیب ملک سے 12 سالہ کی شادی کے بعد خلع کی تصدیق کی تھی مگر تاحال ثانیہ نے شعیب ملک سے اپنی علیحدگی پر کوئی باضابطہ طور پر بیان یا ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب ثانیہ مرزا کو آج کل سوشل میڈیا پر اپنے دن رات کی مصروفیات کو شیئر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اپنی ایک انسٹاگرام سٹوری سخت ورزش کرتے ہوئے شیئر کی ہے تو دوسری میں اُنہوں نے اپنے موجودہ حالات بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ ثانیہ مرزا کی پوسٹ صنف نازک کی جدوجہد پر مبنی ہے جس میں لکھا ہوا ہے کہ ’کچھ دن وہ جنگجو بنی رہتی ہے، کچھ دن وہ ٹوٹی اور بکھری ہوئی رہتی ہے، زیادہ تر دن اُس کے لڑتے ہوئے اور بکھرے ہوئے گزرتے ہیں، لیکن وہ ہر روز حالات کا سامنا کر رہی ہے، کھڑی ہے، لڑ رہی ہے اور کوشش کر رہی ہے، وہ (خاتون) میں ہوں ۔‘