پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیرِاعظم
اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی شامل تھے، اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے۔
بتایا گیا ہے کہ وفد نے وزیراعظم کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر اور عوام کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کیلئے ایک مرتبہ پھر سے موقع دیا، خادم پاکستان منتخب کرنے کیلئے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خدا کے کرم اور اپنی محنت سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔