ٹیکس چور مافیا پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے،وزیراعظم شہباز شریف
مظفر آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چور مافیا پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے، اب وقت آگیا ہم ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، ہمیں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے اس لئے ذاتیات سے ہٹ کر پسند ناپسند کو دفن کرنا ہے اور پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔مظفرآباد دورے کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کڑوے فیصلے اشرافیہ کیلئے ہوں گے، عام آدمی کو فائدہ ہوگا، عام آدمی کے بچوں کو تعلیم اورکاروبار میں تحفظ چاہیے۔
پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہوگا، ذاتیات سے بالاتر ہو کر نفرت کو ختم کرنا ہے۔وزیراعظم نے بارشوں سے حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے متاثرین بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرینگے۔ قدرتی آفت کے باعث زخمی افراد کو 5،5 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ جو مکانات جزوی تباہ ہوئے ہیں انہیں ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت انسان کے بس سے باہر ہے، یہ اللہ کا نظام ہے اس کے آگے سر جھکانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، جب تک متاثرین گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔معاشی صورتحال کا ہر روز جائزہ لیا، صرف پی آئی اے کا ہر سال نقصان ساڑھے 8 ارب روپے ہے، ہمیں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے۔