اتحادی حکومت کی 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: اتحادی جماعتوں کی حکومت کی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء نے حلف اٹھا لیا، ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئی کابینہ سے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تقرری کے لئے صدر مملکت کو نام تجویز کیے، وزیراعظم کی جانب سے وفاقی کابینہ کے لیے تجویز کردہ ناموں میں اسحاق ڈار، مصدق ملک، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا تنویر، جام کمال، انجینئر امیر مقام، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر شیخ اور ریاض پیرزادہ شامل ہیں، اسحاق ڈار اور مصدق ملک اپنی سینیٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد بھی بطور وفاقی وزراء کام کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 91 کی کلاز 9 کے تحت محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور محسن نقوی کی بھی بطور وفاقی وزراء تقرری کی تجویز دی، وزیر اعظم نے شزا فاطمہ خواجہ کو وزیر مملکت بنانے کی تجویز دے دی، جس کے بعد 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا، ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ان سے حلف لیا، آصف زرداری کی تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب میں شریک ہوئے، وزرا، مختلف ممالک کے سفیروں کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا۔