جے یو آئی ف کا حکومت سے رابطہ ختم، مذاکرات کے دروازے بند کردیئے
اسلام آباد : جمعیت علماء اسلام ف نے حکومت سے رابطہ ختم کرتے ہوئے مذاکرات کے دروازے بند کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے یو آئی ف نے عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے پاڑتی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے احتجاجی جلسے جلوسوں کی منظوری دے دی، احتجاجی تحریک کے دوران بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ میں جلسے ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک سے متعلق مشاورت مکمل کرلی ہے، جمعیت علماء اسلام اس بار دھاندلی کے خلاف تحریک نئے انداز سے چلائے گی، جس کے تحت جے یو آئی ف اس بار بھی تحریک کا آغاز سندھ سے کرے گی جہاں سے یہ تحریک صوبہ سندھ کے بعد بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گی اور جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خود اس تحریک کی قیادت کریں گے۔
اسی طرح پاکستان تحریک انصاف نے بھی دھاندلی کے خلاف ملک گیر گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کیا ہے، پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے جارہے ہیں، جن کا مینڈیٹ چھینا گیا ان تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے، جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، عوامی عدالت میں یہ لوگ ہار گئے، اصلی مینڈیٹ ہمارے پاس ہے، عدلیہ آزاد نہیں اور جب تک ادارے آئین پر نہیں چلیں گے ملک نہیں چل سکتا۔