وزیراعظم کا یوٹیلیٹی اسٹورز کے اوقات کار رات10بجے تک کرنے کا حکم
اسلام آ باد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان پیکج کے تحت شہریوں کو مزید سہولت دینے کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کے اوقات کار رات 10بجے تک بڑھانے کا حکم دیدیا،وزیراعظم کے حکم پر یوٹیلٹی سٹورز کی انتظامیہ نے تمام سٹورز کے اوقات کاررات 10بجے تک کرنے کا حکم دیدیا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کو اب افطاری کے بعد رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اوقات کار پر عملدرآمد کیلئے زونل اور جنرل منیجرز کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کو یومیہ 500 روپے افطاری الاوٴنس بھی دینے کا اعلان کیا جو چاند رات تک دیا جائےگا۔دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے مختلف یوٹیلٹی سٹورز کا اچانک دورہ کیا ۔
وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور مستحقین سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے شہریوں سے رمضان پیکج کے حصول کے حوالے سے درپیش مسائل بھی دریافت کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان میں مستحقین کو 12 ارب روپے کا پیکج دیا جا رہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بہترین اقدامات کئے گئے ہیں، حقداروں کو اشیائے خردو نوش مہیا کی جارہی ہیں، 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکج ریلیف مراکز قائم کئے گئے ہیں۔وزیراعظم کا مزید کہناتھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، گھی و دیگر اشیا کی کوالٹی چیک ہوگی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمت میں 100 روپےکم کی گئی ہے، چاول، دال، چینی وغیرہ کے ریٹس میں بھی 30 فیصد کمی کی گئی ہے۔