سیاحتی مقام ناران ،کاغان میں گلیشیئر گرنے سے تباہی،کئی ہوٹل دب گئے
لاہور: سیاحتی مقام ناران ،کاغان جھیل سیف الملوک روڈ پر گلیشیئر گرنے سے تباہی ، ناران جھیل روڈ پر موجود متعدد ہوٹل گلیشیئر کے نیچے دب گئے۔ پہاڑوں سے برفانی گلیشیئر گرنے کا واقعہ ناران سے سیف الملوک جھیل جانے والی شاہراہ پر پیش آیا، برف تلے دبنے سے متعدد ہوٹل تباہ ہو گئے جبکہ مختلف مقامات پر گلیشیئر کے باعث شاہراہ کاغان مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ہر شے برف کے نیچے دبی ہوئی ہے۔ گلیشیئر گرنے کے باعث ہونے والی تباہی سے ہونے والے نقصان کے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور محکمہ مال کے ساتھ مل کرابتدائی معلومات لے رہے ہیں۔
برف باری کے باعث شاہراہ کاغان بھی تاحال بند ہے جس کی وجہ امدادی ٹیمیں موسم بہتر ہونے پر ہی ناران پہنچ سکیں گی۔
ڈی جی کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد شبیر خان نے بتایا کہ ناران میں متاثرین کیساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔اس علاقے میں گلیشیئرآنا ایک نارمل بات ہے کیونکہ اس موسم میں گلیشیئر گرتے ہیں۔ 2 دن پہلے یہ گلیشیئر گرا ہے اور سوشل میڈیا سے خبر اب پہنچی ہے۔ اطلاعات کے مطابق 8 ہوٹل گلیشیئر کی زد میں آئے ہیں۔
ناران روڈ بحال ہونے کے فوراً بعد متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کریں گے، نقصانات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بالاکوٹ امین الحسن خان نے کہا ہے کہ ناران میں درجنوں ہوٹل تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں، تحصیل انتظامیہ اور محکمہ مال کے ساتھ ملکر ابتدائی معلومات لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناران روڈ بحال ہونے کے فوری بعد متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کریں گے۔