سندھ ہائی کورٹ نے مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی

کراچی: ہائی کورٹ نے (ن) لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایل این جی کیس میں 7 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

سابق وزیر خزانہ اور لیگی رہنما مفتاح اسماعیل ایل این جی کیس میں نیب گرفتاری سے بچنے کے لیے صبح 7 بجے ہی سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے جہاں انہوں نے کنٹین میں بیٹھ کر وقت گزارا، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق بھی مفتاح اسماعیل کی گاڑی میں بیٹھ کر سندھ ہائیکورٹ پہنچے۔

بعد ازاں دنوں نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے، نیب نے جب بھی طلب کیا میں وہاں گیا ہوں تاہم گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا حفاظتی ضمانت دی جائے۔ مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے وکلا نے حفاظتی ضمانت درخواستیں آج ہی سننے کی درخواست دائر کی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔
درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی حفاظتی ضمانت 7 روز کے لیے منظور کرلی تاہم دونوں کو 5 ،5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے اور متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ نیب تحقیقات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں، کل صبح 10 بجے کا نوٹس مجھے دوپہر 3 بجے موصول ہوا ہے۔ میرے خیال سے میرے گھر پر چھاپوں کی ضرورت نہیں تھی، اب عدالت آیا ہوں اور جو عدالت کا فیصلہ ہوگا، تسلیم کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی جیسا مخلص انسان اس ملک کو پھر کبھی نہیں ملے گا، یہ اس ملک کی خوش قسمتی ہے کہ شاہد خاقان عباسی جیسا شخص ملا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے