عمران خان تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں بری
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں بری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے تھانہ مارگلہ کے مقدمے میں تمام ملزمان کو باعزت بری کر دیا، پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ سابق وفاقی وزیر اسد عمر و دیگر شریک ملزمان سمیت مسلم لیگ ن کے موجودہ ممبر قومی اسمبلی راجہ خرم نواز بھی بری ہونے والوں میں شامل ہیں، ملزمان کی جانب سے وکلاء سردار مصروف خان اور آمنہ علی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
علاوہ ازیں توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کردی گئی، عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا، اس ضمن مین اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ نیب ریفرنس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جہاں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ ’کیا آج اپیل سماعت کے لیے مقرر ہے؟ مرکزی اپیل شروع نہیں کریں گے اگر آپ چاہتے ہیں تو سزا معطلی پر دلائل دے دیں‘، جس کے جواب میں وکیل علی ظفر نے کہا کہ ’ہم سزا معطلی کی بجائے مرکزی اپیل پر دلائل دیں گے‘، اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’سائفر کیس کل سماعت کے لیے مقرر ہے جو کچھ دنوں میں مکمل ہو جائے گا، توشہ خانہ کیس آج سن کر کل سماعت کے لیے نہیں رکھ سکتے، سائفر کیس میں ایف آئی اے کے دلائل شروع ہونے ہیں، نہیں معلوم وہ کتنا وقت لیتے ہیں، اس لیے ہم توشہ خانہ کیس کو عید کے بعد رکھ لیتے ہیں‘۔