وزیراعظم کو سعودی عرب سے عمرہ کی دعوت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی عرب کی جانب سے عمرہ کی دعوت مل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات طے ہونے کے بعد وزیراعظم سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ مختلف منصوبوں سے متعلق بات چیت ہوگی، وزیراعظم کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میں سعودی عرب بڑی سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے، جس کے تحت ریکوڈک میں ایک بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی توقع ہے، وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے شئیرز سعودی عرب کو فروخت کیے جائیں گے، سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری آئندہ ماہ میں کیے جانے کی تیاریاں ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم کمیٹی تشکیل دیں گے۔
وزرات خزانہ سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت خزانہ کمیٹی میں او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اوروزارت توانائی کے حکام بھی شامل ہوں گے، وزیراعظم کو کمیٹی کی تشکیل کے لیے وزارت خزانہ اور توانائی کی سمری ارسال کی جائے گی، کمیٹی تشکیل کے بعد کمیٹی ممبران حتمی بات چیت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے اور ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حکومتی معاہدہ ہو گا۔