وزیراعظم کا آئی ایم ایف کے آئندہ پروگرام کیلئے شرائط پوری کرنے کا عندیہ

وزیراعظم کا آئی ایم ایف کے آئندہ پروگرام کیلئے شرائط پوری کرنے کا عندیہ

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف کے آئندہ پروگرام کیلئے شرائط پوری کرنے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ آئی ایم ایف پروگرام کیلئے بھرپور محنت کرے گی، بیرونی قرضے کم کرنے کیلئے بھی جامع پلان پیش کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزرات خزانہ کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ پانچ برس میں ٹیکس کو جی ڈی پی کے 15 فیصد تک لے کر جائیں گے، عام آدمی پر بوجھ ڈالے بغیر محصولات میں اضافے کیلئے جامع پلان تشکیل کرکے پیش کیا جائے۔ وفاق صوبوں کو مضبوط کرکے 18ویں ترمیم کی تمام متعلقہ وزارتیں و ادارے صوبوں کے حوالے کرے گا، مالی خسارے کو کم کرنے کیلئے خرچوں میں کمی کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری ملکیت کے ادارے بالخصوص خسارے کا شکار اداروں کی اصلاحات و نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر سروسز کی بہتری کیلئے نجی آپریٹرز سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی جائے گی۔ سرکاری قرض میں بتدریج کمی، پینشن و سبسڈی اصلاحات، سرکاری ملکیتی اداروں کی اصلاحات اور نجکاری پر حکومت کی بھرپور توجہ مرکوز ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائے پروگرام کی تکمیل خوش آئند ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ پروگرام کیلئے بھی بھرپور محنت کرے گی، بیرونی قرضے کو کم کرنے کیلئے بھی ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے، اقتصادی شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں گی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے