خضدار،بم دھماکے میں 2افراد جاں بحق 7زخمی
خضدار: بلوچستان کے علاقے خضدار میں بم دھماکے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے، تجارتی مرکز عمر فاروق چوک کے قریب بم موٹرسائیکل میں نصب تھا، زخمیوں اور جاں بحق ہونیوالوں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو سیل کر کے ناکہ بندی کر دی گئی، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیاجہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے نامعلوم دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر خضدار عارف زرکون نے کہا ہے کہ بم دھماکا تجارتی مرکز عمر فاروق چوک کے قریب ہوا، نامعلوم دہشتگردوں نے بم موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا، دھماکے میں ابھی تک 2 افراد جاں بحق، خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے، ایسے لوگوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، انسانی جانوں سے کھیلنے والے دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے۔
انہوں نے زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور دیکھ بھال کی ہدایات جاری کیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیر داخلہ نے دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ، انہوں نے کہا کہ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پرعزم ہیں، پاک دھرتی سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔