ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
اسلام آباد : ملک میں آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا، حکومت کی جانب سے آج 15 اپریل کی رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں تبدیلی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس میں اضافے کی تیاریوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، ذرائع کا کہان ہے کہ آج سے آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 298 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافہ ہوسکتاہے، علاوہ ازیں حکومت پٹرولیم لیوی کو 60 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی لٹر کرنے پر غور کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عید سے قبل بھی پٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کیا گیا جب کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی، حکومت نے یکم اپریل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی فی لٹر نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے مقرر کردی گئی تھی جو کہ پہلے 279 روپے 75 پیسے تھی، اس کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے اس کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے فی لٹر کمی کی گئی۔