پرویز خٹک نے سیاست میں دوبارہ واپس آنے کا فیصلہ کرلیا
نوشہرہ : سابق وفاقی وزیر اور حال ہی میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی سربراہی چھوڑنے والے پرویز خٹک نے سیاست میں دوبارہ واپسی کا فیصلہ کرلیا۔ دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک کی پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے، پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کے ساتھ باقاعدہ کئی بار ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومتوں کو خاموشی سے دیکھ رہا ہوں، حالات کو دیکھ کر آگے کا لائحہ عمل طے کروں گا، رواں سال حالات کو دیکھ کرسیاست میں آنے کا فیصلہ کرسکتا ہوں، سوشل میڈیا پر مجھے جس طرح تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہ افسوسناک ہے، فی الحال میڈیا اور سوشل میڈیا سے دوری اختیار کی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں شکست کے بعد پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے اس وقت چیئرمین پرویز خٹک پارٹی کے دونوں عہدوں چیئرمین شپ اور ممبر شپ سے مستعفی ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی دراصل یہ عوام کا ردعمل تھا، خرابی صحت کے باعث پی ٹی آئی پی کی سربراہی سے استعفیٰ دے رہا ہوں، میری عمر کا بھی تقاضا ہے کہ میں مزید سیاست میں نہیں رہ سکتا۔