جی-7 اجلاس؛ اسرائیل کی مکمل حمایت اور ایران پر پابندیوں کا فیصلہ
روم: جی-7 ممالک کے ہنگامی اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان نے ایران کے حملے کے جواب میں اسرائیل کو اپنی مکمل حمایت کی پیشکش کرتے ہوئے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد جی-7 ممالک امریکا، جاپان، جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور کینیڈا کے سربراہان کے ورچوئل اجلاس میں ایران کی مذمت کی گئی اور اسرائیل سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے اسرائیل پر حملے سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوا۔ ایران اور اس کے پراکسی حملے بند کریں ورنہ سخت پابندیوں کے لیے تیار رہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے میں استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ ایران پر ڈرون اور میزائل پروگراموں سمیت اضافی پابندیاں عائد کرسکتے ہیں۔
جی-7 ممالک کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک غزہ بحران کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط کریں گے جس میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے علاوہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور ضرورت مند فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے۔