پاکستان سے سمگلنگ کے خاتمے کا پختہ عزم رکھتا ہوں،وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے سمگلنگ کے خاتمے کا پختہ عزم رکھتا ہوں، آرمی چیف کو سمگلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، وزیر اعظم کی سمگلنگ کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کار افسروں کی نشاندہی پر کمیٹی کی رپورٹ پر تعریف۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں وفاقی وزرا محسن نقوی، جام کمال خان، احد خان چیمہ، رانا تنویر، ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین ایف بی آر، اٹارنی جنرل، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکار و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کوسمگلنگ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال، منشیات، اشیائے خورونوش بشمول چینی، گندم، کھاد، پیٹرولیم مصنوعات، غیر قانونی اسلحے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم نے سمگلنگ کے خاتمے کیلئے مہم تیز کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔اجلاس میں وزیر اعظم کو سمگلنگ سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔