پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، پائیدار اقتصادی ترقی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے، اس صورتحال میں پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، محنت کش ملکی ترقی کے لیے خون پسینہ بہاتے ہیں، مزدوروں کی فلاح وبہبود کے عزم پر قائم ہیں، عملی اقدامات کے لیے قومی لیبر کانفرنس منعقد کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ روزی کمانے والی باہمت خواتین کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں، مہنگائی نے مزدور طبقے کو زیادہ متاثر کیا، معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کم کریں گے، مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کو یقینی بنائیں گے، ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت وقت کی ضرورت ہے، محنت کش طبقے کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔
اسی طرح یکم مئی کے حوالے سے اپنے بیان میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ محنت کش طبقے کو مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، محنت کشوں کے استحصال کے خاتمے کے لیے پالیسیوں کے عمل درآمد میں ریاست کا اہم کردار ہے، امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے لیے کردار ادا کریں گی۔ علاوہ ازیں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ مزدور پر پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ مزدور پر دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہوں، محنت کش اللّٰہ کے دوست ہیں، اللّٰہ کے دوستوں کو سلام کرتی ہوں، دینِ اسلام نے کسب حلال کے لیے محنت کو عظمت کا درجہ اور محنت کش کی عزت کا شعور دیا، محنت کرکے خاندان کا سہارا بننے والی کارکن خواتین کو خصوصاً خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، محنت کشوں کے حقوق کے شعور کی بیداری پر شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مزدور صنعت وحرفت کے ستارے ہیں، ہر محنت کش، ہر مزدور، ہر کارکن حقیقی ہیرو ہے، مزدور کا عزم و حوصلہ ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں، دنیا کی ہر عمارت، ہر پل، ہر شاہراہ اور ہر پراجیکٹ میں مزدور کا خون پسینہ شامل ہے، ہم محنت کشوں کے حقوق کا احترام کا عہد کرتے ہیں، حکومت مزدوروں کا معیارِ زندگی بلند کرنے اور انکی خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے، محنت کشوں کیلئے مناسب اجرت، تحفظ اور احترام یقینی بنانا ہوگا، آئیے مزدوروں اور محنت کش کے احترام کے کلچر کو فروغ دیں، ایک ایسا معاشرہ بنانے کی کوشش کریں جہاں ہر محنت کش کی قدر ہو۔