آن لائن ٹیکسی کمپنی اوبر نے پاکستان میں اپنی سروس بند کردی
لاہور : دنیا کے کئی ممالک میں کام کرنے والی آن لائن ٹیکسی کمپنی اوبر نے پاکستان میں اپنی سروس بند کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی اوبر نے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کردیا ہے، اوبر کے ترجمان نے پاکستان میں سروس بند کرنے سے متعلق فیصلے کی تصدیق کی ہے، کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ 30 اپریل سے کمپنی نے اوبر ایپ سروسز کو مزید برقرار نہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے، اوبر کی ذیلی سروس کریم آن لائن ٹیکسی ایپ پاکستان میں بدستور کام کرتی رہے گی، کریم ایپ کے ساتھ پاکستان بھر میں رائیڈ ہیلنگ سروسز اور ڈرائیوروں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اوبر نے 2009ء میں کریم کو 3 اعشاریہ 1 ارب ڈالر میں خریدا تھا، اس وقت دونوں کمپنیوں کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنی متعلقہ علاقائی خدمات اور بطور آزاد برانڈز کام جاری رکھیں گے‘، تاہم 11 اکتوبر 2022ء کو اوبر نے کراچی سمیت کئی شہروں میں آپریشن بند کر دیا تھا، جس کے بعد سے اوبر صرف لاہور میں دستیاب تھی۔
دوسری طرف کراچی میں ملک کی پہلی ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز ہوچکا ہے ، ابتدائی طور پر نجی فضائی کمپنی کے تحت ملنے والی یہ سروس کے تحت کراچی سے اندورون سندھ اور بلوچستان کے تمام ایئرپورٹس کیلئے 4ائیرٹیکسیاں دستیاب ہوں گی بعد میں یہ سروس پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام ایئرپورٹس کیلئے بھی دستیاب ہوگی، جس میں شہری سیر و تفریح یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں منزل مقصود تک پہنچنے کیلئے ائیرٹیکسی بک کروا سکیں گے، ایئر ٹیکسی پر سفر کیلئے تعارفی کرایہ 95 ہزار روپے فی گھنٹہ مختص کیا گیا ہے۔