مختلف شہروں میں گرمی زور پکڑگئی، ہیٹ ویو کا خدشہ
لاہور/کراچی : پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت نے زور پکڑ لیا، پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں گرمی زور پکڑ گئی ہے جب کہ سندھ میں نواب شاہ، سکھر اور حیدر آباد سمیت دیگر علاقوں میں سورج آگ برسا رہا ہے، جہاں پارہ 40 ڈگری یا اس سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہر ماحولیات نے پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’11 مئی کے بعد سے راتوں میں بھی گرمی بڑھنے کا امکان ہے، شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں باہر کم نکلنے، سایہ دار جگہوں پر رہنے اور پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے‘، اسی طرح ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ’ مئی کے مہینے میں گرمی کی شدت میں اضافہ بھی ہوگا ،میدانی علاقے خاص طور پر ہیٹ ویو کی زد میں آنے کے امکانات ہیں جبکہ بڑے شہروں میں ہیٹ ویو کے اثرات زیادہ ہوں گے‘۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اس دوران ملک کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا ، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر بارش ہوئی، سب سے زیادہ دیر میں 2، دروش، میر کھانی اور چترال میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اتوار کے روز شہید بینظیر آباد، موہنجوداڑو، جیکب آباد میں درجہ حرارت 43، خیرپور، چھور، دادو، سکھر، پڈعیدن اور روہڑی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر ماہر موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف نے رواں سال غیر معمولی مون سون بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی ہے، انہوں نے بتایا اگلے ہفتے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا آغاز ہوگا،مئی کے تیسرے ہفتے سے پنجاب میں آندھی اور بارشیں شروع ہوں گی، اس صورتحال میں سندھ اور پنجاب کے کاشتکاروں کو چاول کی بھرپور کاشت کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔