گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، کوارٹر میں سوئے پنجاب کے رہائشی 7 مزدور قتل

گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، کوارٹر میں سوئے پنجاب کے رہائشی 7 مزدور قتل

گوادر: صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرنے کوارٹر میں سوئے ہوئے پنجاب کے رہائشی 7 مزدوروں کو ابدی نیند سلادیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوادرمیں نامعلوم مسلح افراد نے سربندر کے علاقہ میں رہائشی کوارٹر پر حملہ کرکے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 مزدروں کو قتل کردیا، ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سربندر میں مزدوروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، حملے میں ایک مزدور زخمی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق مزدوروں کے اہلخانہ سے رابطہ شروع کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر حملہ اس وقت کیا گیا جب کوارٹر میں مزدور سو رہے تھے، جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے، دہشت گردوں کے اس حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد سربندر میں ایک حجام کی دکان میں کام کرتے تھے، جن کی لاشوں اور زخمی مزدور کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سوگوارخاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
اسی طرح وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی اس واقعے پر اپنے افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ گوادر میں بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے، ریاستی رٹ ہرصورت برقراررکھی جائے گی، پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے اور شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے گوادر کے علاقے سربندر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے، دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے، واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے