شدید گرمی ،ہیٹ ویو کے خدشات، پنجاب میں کالجز کے اوقات کار تبدیل
لاہور: شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظرمحکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب نے کالجز کے اوقات کار تبدیل کر دئیے،کالجز صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 بجے تک لگیں گے۔جمعہ کے روز بھی کالجز کے اوقات کار صبح ساڑھے سات سے گیارہ ہوں گے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے مطابق سیکنڈ شفٹ شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک ہو گی۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے تمام کالجوں کے سربراہان کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
محکمہ ہائرایجوکیشن کا کہنا ہے کہ 21 سے 31 مئی تک ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر اوقات کار تبدیل کئے گئے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں آج سے 23 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی کے دوران 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے27 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر کا امکان ہے۔
اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں آج سے 27 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی 21 سے27 مئی کے دوران ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن، مساجد میں اعلانات اور میڈیا کے ذریعے آگاہی کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہسپتالوں میں خصوصی کائونٹر بنانے اورادویات کی دستیابی یقینی بنانے اور محکمہ صحت کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی بھی ہدایات کی ہے۔