ایران کے صدر ابراہیم رئیسی و دیگر کی نماز جنازہ ادا

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی و دیگر کی نماز جنازہ ادا

تہران : ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے تابوت تہران یونیورسٹی گراؤنڈ پہنچائے گئے، جہاں نماز جنازہ کے لیے عوام کا جم غفیر موجود تھا، تہران یونیورسٹی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی، ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی نماز جنازہ میں لاکھوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
گزشتہ روز ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کے صدر مقام تبریز میں ابراہیم رئیسی کی پہلی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد صدر ابراہیم رئیسی کے جنازے میں شرکت کے لئے جمع ہوئی ، ایران کے پہاڑی شمال مغربی علاقے کے سب سے بڑے شہر تبریز میں صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ ادا کئے جانے کے بعد جلوس کا آغاز ہوا جہاں سے جسد خاکی کو مقدس شہر قم لے جایا گیا اور وہاں سے انہیں بذریعہ طیارہ تہران روانہ کیا گیا ، تہران میں نماز جنازہ کے بعد اب میتوں کو جمعرات کی صبح جنوبی خراسان صوبے اور بعد ازاں ان کے آبائی شہر مشہد لے جایا جائے گا جہاں تاریخی امام رضا کے مزار پر امام آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے اور جمعرات کی شام ان کی تدفین کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 63 سالہ ابراہیم رئیسی پیر کو ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے وہ اپنے آذری ہم منصب الہام علیوف کے ساتھ سرحد پر ایک ڈیم کے افتتاح میں شرکت کرنے گئے تھے کہ واپسی پر ان کا ہیلی کاپٹر حادثہ سے دوچار ہو گیا ، حادثے میں وفات پانے والوں میں ایرانی صدر کے ساتھ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے صوبائی حکام اور ان کی سیکورٹی ٹیم بھی شامل تھی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے