ابوظہبی کا پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ

ابوظہبی کا پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ

اسلام آباد:ابوظہبی نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کرلیا، دونوں ممالک کا توانائی، پورٹ آپریشنز، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ ودیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا عزم کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے، متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ شریک تھے۔
وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِاعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید برآں نیوزایجنسی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، برآمدات ، صنعت اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے ،پاکستان میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون چاہتے ہیں،ہمیں محنت اور لگن کے ساتھ کام کرتے ہوئے خود انحصاری کی منزل کو حاصل کرنا ہے، گذشتہ اڑھائی ماہ میں آئی ٹی کے شعبہ کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔
وہ جمعرات کو پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری پر رائونڈ ٹیبل سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کی قیادت میں متحدہ عرب امارات ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے، متحدہ عرب امارات اس وقت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ جدید خطوط پر آئی ٹی انفراسٹرکچر کو استوار کر رہا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے