گندم سستی ہونے پر پنجاب بھر میں آٹے، میدے اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی
لاہور : پنجاب بھر میں آٹے، میدے اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی آ رہی ہے۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے پنجاب بھر کی مارکیٹوں سے قیمتوں کے تقابلی جائزے منگوا لیے۔ انکا کہنا ہے کہ گندم سے تیار کردہ اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ 10 کلو گرام آٹے کی قیمت میں 600 سے 700 روپے کمی آئی جبکہ 20 کلو گرام آٹے کی قیمت میں اوسط 1300 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیر خوراک پنجاب نے بتایا کہ 80 کلو فائن آٹا/میدے کی قیمت میں 2770 روپے تک کمی ہوئی۔ اسی طرح 50 کلوگرام سوجی کے تھیلے کی قیمت میں اوسط 1700 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائن آٹے کا تھیلا 11 ہزار سے کم ہوکر 8 ہزار 230 میں دستیاب ہے۔
وزیر خوراک نے بتایا کہ سوجی 50 کلوگرام تھیلا 7150 سے کم ہو کر 5450 میں دستیاب ہے۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملا ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ گندم کی وافر مقدار میں موجودگی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ مارکیٹ کی مستقل چیکنگ سے اشیاء کی قیمتوں اور معیاری پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ مل کر کم قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ مزید برآں ایکس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الحمدُللّہ ہم نے پنجاب میں روٹی کی قیمت آج مزید کم کر دی ہے۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے غلط فیصلوں نے روٹی کو غریب کی پہنچ سے باہر کر دیا تھا۔ اس سے پہلے پنجاب بھر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کرکے 16 روپے اور نان کی قیمت 30 روپے سے کم کرکے 20 روپے کی گئی تھی، پھر اس کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے روٹی کی قیمت مزید کم کر کے 15 روپے مقرر کر گئی دی تھی۔
اب پنجاب بھر میں روٹی کی قیمت میں مزید کمی کردی گئی ہے، لاہور سمیت کئی شہروں میں 100 گرام کی تندوری روٹی کی قیمت 14 روہے اور کچھ شہروں میں روٹی کی قیمت 13 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ کے سخت احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ اسی طرح باقی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف گندم، آٹے اور روٹی کی قیمت میں کمی کے بعد اب گندم سے بننے والی بیکری آئٹمز اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔