وزیراعظم شہبازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور : لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے خلاف توہین عدالت کی مقرر کردہ درخواست پر جسٹس وحید خان کل سماعت کریں گے۔ ججز سے متعلق نامناسب الفاظ پر درخواست دائر کی گئی، خاتون اشبا کامران نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔
یاد رہے 28 مئی کو وزیر اعظم محمد شہبا زشریف نے اپنی تقریر میں الزام عائد کیا تھا کہ عدلیہ کی کچھ کالی بھیڑیں عمران خان کو ریلیف دینے پر تلی ہوئی ہیں، مشورے ہو رہے ہیں کہ بانی تحریک انصاف کو کیسے رہا کیا جائے، میں عدلیہ سے کہتا ہوں کہ اگر پاکستان میں ترقی واپس نہ آئی تو نہ جج ہوگا نہ کچھ اور ہوگا، مجھے امید ہے کہ ججز پاکستان کی خوشحالی کے لئے متفق ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کاا ظہار منگل کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ(ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں یہ بات بڑے واضح اوروا شگاف الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی جب اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر محمد نواز شریف کو نہ ہروا سکے تو آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں بیلٹ باکس تبدیل کر و ا دیے ، ا س نے لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی فوج اور شہیدوں اور غازیوں کے بارے میں زہر اگلا، 190 ملین پائونڈ چوری کیے، گھڑیاں بازار میں فروخت کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تمہاری تمام سازشیں ناکام ہوں گی، اب عمران نیازی کا اصل مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہے ،یہ قوم تمہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے نواز شریف کی قیادت میں دن رات کام کرکے ترقی کا ادھورا سفر وہاں سے ہی شروع کریں گے جہاں سے چھوڑا گیا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے خون پسینہ بہائیں گے ، پاکستان کو عظیم بنائیں گے اور پاکستان کو اس عمران نیازی سے بچائیں گے ۔