ٹیسٹ رینکنگ،کتنے پاکستانی بلے باز ٹاپ 10 میں شامل ؟

لندن:ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پھر سے جیمز اینڈرسن کے نشانے پر آگئی، انگلش فاسٹ بولر آئرلینڈ کیخلاف شیڈول واحد ٹیسٹ میں پیٹ کمنز سے اعزاز چھین سکتے ہیں، پاکستان کے محمد عباس نویں نمبر پر موجود ہیں، ٹاپ 10 پوزیشنز پاکستانی بیٹسمینوں کی منتظر ہیں۔انگلینڈ اور آئرلینڈ میں بدھ سے لارڈز میں واحد ٹیسٹ شروع ہورہا ہے جہاںکئی میزبان کھلاڑیوں کے پاس اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہوگا،

خاص طور پر فاسٹ بالر جیمز اینڈرسن کی نگاہیں ایک بار پھر ٹاپ ٹیسٹ بولر کے اعزاز پر مرکوز ہوچکی ہیں، اسے ان سے گذشتہ نومبر میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے چھین لیا تھا،اب اس پر آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا قبضہ ہے، اینڈرسن دوسرے نمبر پر ہیں مگر ان کے پاس لارڈز میں بہتر پرفارمنس سے 16 پوائنٹس کے فرق کو ختم کرنے کا موقع موجود ہوگا۔ٹاپ 10ٹیسٹ بالرز میں شامل واحد پاکستانی محمد عباس نویں درجے پر براجمان ہیں۔

ایک اور انگلش پیسر سٹورٹ براڈ اس وقت 19 ویں نمبر پر موجود اور انھیں ٹاپ 20 میں جگہ برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں ہے، بابر اعظم18ویں بہترین بلے باز ہیں،پہلی پوزیشن پر بھارت کے ویرات کوہلی قابض ہیں۔رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود اور اس مقابلے میں کامیابی کے باوجود پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا،

البتہ شکست یا ڈرا کی صورت میں اہم پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑسکتے ہیں۔نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز بھارت کے پاس ہے، نیوزی لینڈ دوسرے اور جنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کی اس وقت پانچویں اور سری لنکا کی چھٹی پوزیشن ہے، پاکستان ٹیم بدستور ساتویں نمبر پر براجمان ہے، اس کے بعد بالترتیب ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے آٹھویں سے دسویں نمبر پر موجود ہیں.

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے