پنجاب میں گاڑیوں کے سالانہ ٹوکن ٹیکس میں ہوشربا اضافہ
لاہور :صوبہ پنجاب میں گاڑیوں کے سالانہ ٹوکن ٹیکس میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا جو آج سے لاگو ہوچکا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سالانہ ٹوکن ٹیکس میں اضافہ موجودہ بجٹ کے فنانس بل میں منظور کیا گیا ہے، فنانس بل دستاویز سے پتا چلا ہے کہ گاڑیوں کا سالانہ ٹوکن ٹیکس اب گاڑی کی انوائس ویلیو پر عائد ہوگا، ایک سے 2 ہزار سی سی تک گاڑیوں کی انوائس ویلیو پر 2 فیصد سالانہ ٹوکن ٹیکس عائد ہوگا، اس سے پہلے ٹوکن ٹیکس گاڑیوں کی انجن کی پاور کے مطابق لیا جاتا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ 2ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کی انوائس قیمت پر 3 فیصد سالانہ ٹوکن ٹیکس عائد کیا جا چکا ہے، ہزار سی سی تک لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس 15سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردیا گیا، اسی طرح ہزار سی سی تک گاڑی کی ملکیت ٹرانسفر کی صورت دوبارہ ٹوکن ٹیکس ادا کرنا پڑے گا، ملکیت ٹرانسفر 10 سال بعد ہوگی تو لائف ٹائم ٹوکن نہیں لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد سے پشاور موٹر وے ایم ون پر چلنے والی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، جی ایم ریونیو کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم ون پرکار کاٹول ٹیکس 240 روپے سے بڑھا کر 350 روپے کردیا گیا ہے، وین کا ٹول ٹیکس 400 روپے سے بڑھ کر 550 روپے ہوگیا ہے، اسی طرح کوسٹر، منی ٹرک کا ٹول ٹیکس 550 روپے سے بڑھا کر 700 روپے کردیا گیا، بس کا ٹول ٹیکس 790 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے ہوچکا ہے، ٹرک کا ٹول ٹیکس 1040 روپے سے 1300 روپے، ٹریلرکا پرانہ ٹال ٹیکس 1270 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کردیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج یکم جولائی سے ہوچکا ہے۔