حکومت نے رات گئے نیا بجلی بم گرا دیا
لاہور : حکومت نے رات گئے نیا بجلی بم گرا دیا، زرعی، کمرشل صارفین کیلئے بجلی 8 روپے مہنگی کر دی گئی، فی یونٹ نئی قیمت 77 روپے مقرر۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے زرعی، کمرشل اور بلک میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بھی بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ حکومت کی جانب سے زرعی، کمرشل اور بلک میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 8 روپے 4 پیسے تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
یوں جولائی سے کمرشل صارفین کے فی یونٹ کی قیمت 77 روپے 15 پیسے تک پہنچ جائے گی۔ زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 6 روپے 62 پیسے اضافہ منظور کیا گیا، جس کے بعد جولائی سے زرعی صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 46 روپے 83 پیسے تک ہو جائے گا۔
جنرل سروسز کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 6 روپے 98 پیسے بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے، جولائی سے جنرل سروسز کے لیے فی یونٹ بجلی کا ٹیرف61 روپے 3 پیسے ہو جائے گا۔
بلک صارفین کے لیے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں 5 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی جس کے بعد جولائی سے بلک صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 59 روپے 96 پیسے تک پہنچ جائے گا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی اتحادی وفاقی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کے تمام ہی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی اس قدر مہنگی ہو چکی کہ شہریوں کو اب اپنی آمدن سے بھی زائد بل موصول ہونے لگے ہیں۔