سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
مری : سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگی صدر نواز شریف نے ملکی سیاسی معاملات سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، اجلا س کے لیے ن لیگ کی مرکزی قیادت کو مری پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے، اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور اہم فیصلے متوقع ہیں، ن لیگی صدر سیاسی، معاشی اور خارجی معاملات پر پارٹی گائیڈ لائن جاری کریں گے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ پارٹی قیادت کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دیں گے، اجلاس میں ملکی سیاسی معاشی اور خارجی سطح کے معاملات پر بھی غور ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی اجلاس میں آمد متوقع ہے، اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف قومی قیادت سے رابطوں پر پارٹی صدر کو بریفنگ دیں گے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءجاوید لطیف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی ہیجان اور انتشار میں اضافہ ہوگا، صدر اور سینیٹ انتخابات میں ووٹ کرنے والوں کو ڈی سیٹ کر دیا گیا، 8 فروری کے بعد جو ارینجمنٹ کیا گیا ن لیگ نے مشکلات دیکھیں، پارٹی نے حکومت بنا کر مشکل مسائل کا سامنا کیا،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ن لیگ کو حکومت چھوڑ دینی چاہیے، پارٹی کو بچانا چاہتے ہیں تو کسی طور پر بھی ریاست بچ نہیں سکے گی، ریاست کو بچا لیا گیا تو جماعت بھی بچ جائے گی اور سیاست بھی ہوگی، بدقسمتی سے جماعت بھی اور ریاست بھی خطرے میں ہے۔