حکومت پاکستان کا میڈیا کورٹس بنانے کا اعلان

کراچی : حکومت پاکستان نے ذرائع ابلاغ سے متعلق کیسوں کو نمٹانے کیلئے میڈیا کورٹس کے قیام کا اعلان کر دیا ہے اور وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ میڈیا کورٹس کے قیام کا مقصد فوری انصاف کی فراہمی ہے۔

نجی ٹی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کراچی میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے دفتر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں یکساں قوانین کا اطلاق وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے جس کے تحت کسی کیساتھ ناانصافی اور حق تلفی نہیں ہونی چاہیے، پیمرا کیساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لیں گے جبکہ حکومت میڈیا کے واجبات بھی جلد ادا کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ذرائع ابلاغ سے متعلق کیسز نمٹانے کیلئے میڈیا کورٹس بنائی جا رہی ہیں، جس سے شکایات کے جلد ازالے میں مدد ملے گی۔ اس کا مقصد میڈیا انڈسٹری کے تنازعات کو ان خصوصی عدالتوں میں لے جانا ہے تاکہ فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا تاہم پیمرا کے ضابطہ اخلاق کو موثر بنانے کیلئے پی بی اے اپنا کردار ادا کرنے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ پر بھارتی میڈیا صف ماتم بچھائے ہوئے تھا۔ بھارتی میڈیا وار میں پی بی اے پاکستان کے دفاع کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جب قومی مفاد اور بیانیہ یکجا ہو جائے تو ہر محاذ پر اپنے مخالف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قومی بیانئے پر عمل کرتے ہوئے درپیش ملکی چیلنجز سے نمٹیں گے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے