مانچسٹر ایئرپورٹ پر برطانوی پولیس کا پاکستان نژاد فیملی پر تشدد، اہلکار معطل

مانچسٹر ایئرپورٹ پر برطانوی پولیس کا پاکستان نژاد فیملی پر تشدد، اہلکار معطل

مانچسٹر : برطانیہ میں مانچسٹر ایئرپورٹ پر برطانوی پولیس اہلکاروں نے پاکستان نژاد فیملی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی پولیس اہلکاروں نے اہل خانہ کے سامنے 2 نوجوانوں کو مارا پیٹا، اہلکار زمین پر گرے نوجوان کو لاتوں سے مارتے رہے جن کی ماں بچانے کی کوشش کرتی رہی، دیکھتے ہی دیکھتے پولیس اچانک قریبی ایک بینچ پر بیٹھے شخص پر بھی چڑھ دوڑی اور اس پر بھی تشدد کیا گیا، اس دوران پولیس کی جانب سے وہاں موجود دیگر لوگوں کو پیچھے ہٹنے کی ہدایات کی جاتی رہیں۔
واقعے کے بارے میں گریٹر مانچسٹر پولیس کا مؤقف ہے کہ ایئرپورٹ پر مسافروں میں جھگڑا ہوا، جس کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ایک شخص نے اس وقت اہلکاروں پر حملہ کردیا جب اس کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، ہاتھا پائی میں 3 اہلکار زخمی ہوئے اور ایک خاتون اہلکار کی ناک کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی، تاہم پولیس نے نے 4 افراد کو گرفتار کر کے حالات قابو میں کرلیے۔
بتایا جارہا ہے کہ واقعے کے خلاف پاکستانی کمیونٹی نے راچڈیل پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا، احتجاج میں واقعہ کی شفاف تحقیقات ،متاثرین کو انصاف دینے کامطالبہ کیا گیا، بعد ازاں اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مانچسٹر پولیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر مانچسٹر پولیس نے تشدد کرنے والے ایک اہلکار کو معطل کر دیا ہے اور اس سارے معاملے کو انڈیپنڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ کو ریفر کر دیا گیا ہے تاکہ اس کی آزادانہ تحقیقات کی جا سکیں۔
مانچسٹر کے میئر اینڈی برن ہیم نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تکلیف دہ ویڈیوز دیکھی ہیں، ہم مانتے ہیں کہ جو ویڈیوز وائرل ہوئیں وہ تشویش ناک ہیں، ڈپٹی میئر اور میں نے ڈپٹی چیف کانسٹیبل سے واقعے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، پولیس کے اس عمل کی مکمل تحقیقات کے لیے آزادانہ تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے