عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن کا یوم سیاہ

کراچی: مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منارہی ہیں۔

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف اپوزیشن ملک گیر یوم سیاہ منارہی ہے۔ اس سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ میرپور ماتھیلو، نواب شاہ، حیدرآباد اور کندھ کوٹ میں جمعیت علماء اسلام نے احتجاجی ریلیاں نکالی جس میں سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔

ملتان میں کچہری چوک پر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ٹائر جلاکر احتجاج کیا اور گوعمران گو کے نعرے لگائے۔ رحیم یارخان میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈیرہ غازیخان میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹریفک چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔
یوم سیاہ پر کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں اپوزیشن کے بڑے مشترکہ جلسے ہوں گے جن میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ان مظاہروں سے شہباز شریف ، راجہ ظفر الحق ، بلاول بھٹو زرداری، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضاگیلانی ، مولانا فضل الرحمن اور دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے ، بڑے شہروں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے