ملک بھر میں 77واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں 77واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

لاہور: ملک بھر میں پاکستان کا 77 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہاہے ، دن کاآغاز نماز فجر میں ملکی ترقی اور یکجہتی کی خصوصی دعاوں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی،جشن آزادی کے موقع پر سرکاری و دیگر اہم عمارتوں کو بھی جشن آزادی کی مناسبت سے برقی قمقموں کے ساتھ سجایا گیا ہے۔
دن کا اغاز وطن عزیز کیلئے خصوصی دعاوں سے ہوا جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب جاری ہیں۔
جشن آزادی کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔

یوم آزادی کے دن بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس ہر سال 14 اگست کو یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمحمد خالد تھے جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر احمد حسن تمغہ بسالت نے سر انجام دیئے۔
بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں۔اعزازی گارڈز ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل ہے، جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتشبازی کے ساتھ ملی نغموں اور سبزہلالی پرچموں کی بہار آگئی۔یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں کیڈٹس کا مارچ پاسٹ ہوا۔
یوم آزادی کی تقریب میں رات 12 بجتے ہی پرچم کشائی کی گئی، سب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔جشن آزادی کی مناسبت سے گورنر ہاو¿س سندھ اور گورنر ہاو¿س خیبرپختونخوا میں شاندار میوزیکل پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاو¿س سندھ میں آتشبازی کیلیے دبئی سے خصوصی ٹیم کو مدعو کیا گیا جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم اور عابدہ پروین نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
رات 12 بجتے ہی جشن آزادی کے آغاز پر لاہور میں گریٹر اقبال پارک میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر لیزر لائٹ کا بھی اہتمام تھا جسے دیکھنے کیلئے ہزاروں شہری جمع ہوگئے۔کراچی میں پورٹ گرینڈ میں آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد جا پہنچی جبکہ گورنر ہائوس میں بھی جشن آزادی کی تقریب منعقد کرکے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے