اسلام آباد میں غیرملکی خاتون سے جنسی زیادتی، 5 روز بعد ملزمان نے ہاتھ پاؤں باندھ کر پھینک دیا
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیرملکی خاتون سے جنسی زیادتی کے بعد نامعلوم ملزمان نے 5 روز بعد متاثرہ خاتون کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اس کو پھینک دیا اور خود فرار ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں غیرملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ملزمان جی 6 کے علاقے میں پھینک کر فرار ہوئے، پولیس حکام نے بتایا کہ 28 سالہ غیر ملکی خاتون کا تعلق بیلجیم سے ہے، جس کے ہاتھ پاؤں بندھے دیکھ کر شہری نے پولیس کو 15 پر کال کرکے اطلاع دی، جس کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور متاثرہ خاتون کو میڈیکل چیک اَپ کے لیے پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا جب کہ متاثرہ خاتون نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ نا معلوم ملزمان مجھے 5 روز تک جنسی تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔
دوسرے طرف پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں فیکٹری میں نوکری دلوانے کے بہانے خاتون سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، کوٹ لکھپت پولیس نے کارروائی کرکے زیادتی کی کوشش کے مرتکب ملزم کو گرفتار کیا، ملزم متاثرہ خاتون کا رشتہ دار ہے اور گھر کے قریب ہی رہائشی پذیر ہے، 5 اگست 2024ء کو متاثرہ خاتون انیتا ملزم کے ساتھ فیکٹری جاب کا پتا کرنے گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ ملزم رضوان نے خاتون کو بچوں کا خرچہ دینے کے بہانے گھر لا کر زیادتی کرنے کی کوشش کی، خاتون کے شور کرنے پر ملزم نے خاتون پر تشدد کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر زیادتی کے لیے مجبور کرتا رہا، خاتون کے شوہر کے اچانک آجانے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کو ٹریس کرکے چندرائے گائوں سے گرفتار کر لیا گیا، ملزم رضوان کے خلاف مقدمہ درج کر کے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا۔