ملک کا سب سے بڑا ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر گیا

ملک کا سب سے بڑا ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر گیا

ہری پور : ملک کا سب سے بڑا ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر گیا، خیبرپختونخواہ اضلاع صوابی اور ہری پور میں پھیلے تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی۔ واپڈا ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا ہے،ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار550فٹ ہے،تربیلا جھیل میں اس وقت 57 لاکھ 66 ہزار ایکڑ فٹ قابلِ استعمال پانی موجود ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کا اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بھرنا زرعی شعبے اور کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کے لئے نہایت خوش آئند ہے۔ تربیلا ڈیم اپنے قیام سے ملکی معیشت اور معاشرتی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے،اس منصوبے سے زراعت کے لئے پانی کی فراہمی،سیلاب سے بچاؤ اور کم لاگت پن بجلی پیدا کی جاتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 02 لاکھ 56 ہزار400 کیوسک اور اخرج 2 لاکھ35 ہزار600کیوسک ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کر دی گئی۔ دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ تونسہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب راوی ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد، تربیلا میں 100فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 54 فیصد تک ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے