شیر افضل مروت گرفتاری کے بعد رہا
اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی کی جانب سے شیر افضل مروت کی گاڑی کو روکا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرکے تھانہ گولڑہ لے گئی، ترنول جلسہ گاہ پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا، تاہم بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ شیر افضل مروت کو رہا کر دیا گیا ہے، شیرافضل مروت کو انتشار نہ پھیلانے کی یقین دہانی پر رہا کیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے آج ہونے والے جلسے کا این اوسی منسوخ کردیا گیا تھا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’مذہبی جماعتوں نےاحتجاج کی کال دے رکھی ہے، ایسی صورتحال میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘،اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے آج ترنول میں شیڈول جلسہ ملتوی کردیا، پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے، اس لیے پارٹی قائد عمران خان کی جیل سے جاری ہدایات کے تحت آج کے جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، تاہم عمران خان کی جانب سے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلسے کی تیاری جاری رکھیں، عوام میں نکلیں اور تحریک چلائیں، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
بتایا گیا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی اور چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہنگامی ملاقات کی جس میں آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا، اس ملاقات کے بعد عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پراسلام آباد جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا، جلسہ 8 یا 9 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوسکتا ہے۔