مونس الہٰی کا شناختی کارڈ و پاسپورٹ بلاک کرنے اور جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

مونس الہٰی کا شناختی کارڈ و پاسپورٹ بلاک کرنے اور جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

لاہور : عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مونس الہٰی کا شناختی کارڈ و پاسپورٹ بلاک کرنے اور جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے سپیشل سینٹرل عدالت لاہور کے جج تنویر احمد شیخ نے ایف آئی اے کے چالان پر سماعت کی، عدالت کی جانب سے ملزمان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا بھی حکم دے دیا گیا، اشتہاری ملزمان میں فرست علی چھٹہ، امتیاز علی شاہ، مونس الہٰی ،عامر سہیل، عامر فیاض شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی اور ضیغم عباس کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا بھی حکم جاری کیا اور قصور میں مونس الہٰی کی 26 کنال سے زائد اراضی بھی ضبط کرنے کا حکم دیا، سپیشل سینٹرل کورٹ نے مونس الہٰی کے نام پر لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقعہ ایک پلاٹ اور ایک گھر بھی ضبط کرنے کا حکم دیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے لاہور نے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا، مونس الہٰی کو متعدد بار طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے لیکن وہ پیش نہ ہوئے، ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں مونس الہٰی سمیت 7 افراد کو نامزد کیا گیا، جن میں زہرا الہٰی، احمد فاران خان، ضیغم عباس، وجاہت احمد خان، عامر سہیل اور عمار فیاض شامل ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے