آپریشن عزمِ استحکام کیلئے 20 ارب روپے فوری جاری کرنے کی منظوری

آپریشن عزمِ استحکام کیلئے 20 ارب روپے فوری جاری کرنے کی منظوری

اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا، اس موقع پر دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کرائی گئی، اجلاس میں وفاقی کابینہ کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20 ارب اور ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کی مد میں ایف سی بلوچستان کے لیے ایک ارب 95 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے اجلاس میں ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےوزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور آئین پر یقین رکھنے والوں کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے جامع بات چیت کی جائے گی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا، ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیداکرنا اور ملکی ترقی کو روکنا چاہتی ہیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، افواج پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے تمام تروسائل فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ماہ کے دوران دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا، چند دنوں میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات ہوئے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، دہشت گردی کی حالیہ لہر میں 50 سے زیادہ پاکستانی شہید ہوئے، ہمارے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں کے افسران و اہلکاران بھی شہید ہوئے، یہ انتہائی اہم معاملہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہے دہشت گردی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں، بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کرکے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم پورے نہیں کرسکتے، ان کے مذموم اور ناپاک عزائم کو واحد مقصد یہ ہے کہ ملک میں ترقی کے سفر اور سی پیک کے تحت ملک بھر میں چلنے والے منصوبوں کو روکا جا سکے اور پاکستان اور چین کے درمیان فاصلے پیدا کیے جا سکیں، جو ظلم و بربریت کے واقعات ہوئے پوری قوم نے ان کی شدید مذمت کی ہے، اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، اس حوالے سے حکومت پاکستان کی طرف سے افغان حکومت کو آگاہ کیا گیا اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر آپریشن بھی کیے گئے ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے