’تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے‘ ملک گیر ہڑتال پر حکومتی ردعمل

’تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے‘ ملک گیر ہڑتال پر حکومتی ردعمل

اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف کے کے معاونِ خصوصی رانا احسان افضل کا آج ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہم تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا احسان افضل نے کہا کہ وزیرِاعظم نے ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے اور ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا لیکن اگر آپ کو لگتا ہے ہم غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں، ہم مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال جاری ہے، جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند ہیں، ہڑتال کے باعث کچھ علاقوں میں سکولز بھی بند کردئیے گئے، جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اس ہڑتال کی حمایت کر چکے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے خدشے کے باعث ریڈ زون کے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کردیا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے مختلف کاروباری مراکز میں تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے، آبپارہ مرکز، جی نائن کراچی کمپنی سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہیں، آل پاکستان انجمن تاجران سندھ نے بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار مکمل بند رہے گا جب کہ پشاور میں بھی تاجروں کی جانب سے مختلف بازار بند رکھے گئے ہیں۔
اسی طرح راولپنڈی میں بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کی ہڑتال ہے، شہر کے بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، مارکیٹس، ہول سیل، آڑھت منڈیاں بند ہیں تاہم بیکرز، سویٹس، کریانہ، میڈیکل اسٹورز اور پیٹرول پمپ کھلے ہیں، شہر میں تعلیمی ادارے اور ڈسٹرکٹ کچہری بھی کھلے ہیں، مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، ملتان، لاہور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال، ہرنائی، مالاکنڈ ڈویژن اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ہڑتال کی گئی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے