صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کا الرٹ جاری،بارشوں کے نئے سپیل کا آغاز ہو گیا
لاہور :پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں شدید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا،مون سون بارشوں کے نئے سپیل کا آغاز ہو گیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطا بق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیالکوٹ 31،بھکر 27 اور شورکوٹ میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پنجا ب میں31 اگست تک گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، قصور، خوشاب، سرگودھا ، میانوالی ،بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور اور رحیم یار خان میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطا بق ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ جبکہ کوہ سلیمان رینج میں شدید بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی انتظامیہ کو بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے،عوام حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔سیاح،مسافر اور کسان موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں،خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ پرانی عمارتوں،کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچا ئو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں ۔