5 نئی تحصیلوں کا قیام، لاہور کو 10 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا
لاہور : 5 نئی تحصیلوں کا قیام، لاہور کو 10 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا،صوبائی دارالحکومت کی 5 نئی تحصیلوں کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا، تحصیلوں کے اعتبار سے لاہور صوبہ پنجاب کا سب بڑا شہر بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے انتظامی معاملات بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں گزشتہ چند برسوں کے دوران آبادی میں اضافے کی وجہ سے مسائل میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ لاہور شہر کا پھیلاو بھی جاری ہے۔ اس تمام صورتحال میں پنجاب کی سابقہ حکومتوں کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کے انتظام کو بہتر کرنے کیلئے شروع کیے گئے اقدامات موجودہ صوبائی حکومت نے بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور شہر کو اب تحصیلوں میں اضافہ کر کے انتظامی طور پر 10 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کی تحصیلوں کی کل تعداد 5 سے بڑھا کر 10 کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب نے لاہور کی نئی پانچ تحصیلوں کی منظوری دی تھی جس کے بعد تحصیلوں میں اضافے کا نوٹفکیشن بورڈ آف ریونیو نے جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق پانچ نئی تحصیلوں کیلئے 5 اسسٹنٹ کمشنرز کی خدمات کمشنر لاہور کے سپرد کی گئی ہیں۔
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئی پانچ تحصیلوں میں نشتر ، واہگہ ، اقبال ٹاون ، راوی اور صدر شامل ہیں جبکہ اس سے قبل رائیونڈ ، ماڈل ٹاون ،لاہور کینٹ ، لاہور سٹی اور شالیمار تحصیلیں تھیں۔ نوٹی فکیشن کے اجرات کے بعد تحصیلوں کے اعتبار سے لاہور صوبہ پنجاب کا سب بڑا شہر بن گیا۔