پاکستان میں ایکس کی سروس بحال کردی گئی، وکیل پی ٹی اے کا دعویٰ

پاکستان میں ایکس کی سروس بحال کردی گئی، وکیل پی ٹی اے کا دعویٰ

کراچی : پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے وکیل نے سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان میں ایکس/ٹوئیٹر سروس بحال کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ایکس کی بندش کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی جہاں پی ٹی اے کے وکیل احسن امام نے ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفیکیشن واپس لینے کی تصدیق کی اور عدالت کو بتایا کہ ’ایکس کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس لیا جا چکا ہے‘، جس پر عدالت نے قرار دیا کہ ’اگر لیٹر واپس لے لیا گیا تو ایکس بحال ہوگیا‘۔
وکیل درخواست گزار معیز جعفری نے کہا کہ ’ایکس تک رسائی تاحال ممکن نہیں ہو سکی، 28 مارچ کو وفاقی حکومت نے جواب جمع کروایا کہ ایکس کام کر رہا ہے لیکن تاحال ایکس پر پابندی ہٹائی نہیں گئی بغیر کسی وجہ سے کسی بھی سوشل میڈیا سائیٹ کو بند نہیں کیا جا سکتا، توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ایکس بند ہے‘۔
عدالت نے قرار دیا کہ ’ایکس کی بندش کا اب کوئی نوٹیفیکیشن نہیں ہے، اس کا مطلب یہی ہے کہ ایکس بحال ہوگیا ہے‘، تاہم اس موقع پر ایک اور پٹیشن میں پی ٹی اے کے دوسرے وکیل سعد صدیقی نے کہا کہ ’مجھے نوٹیفکیشن واپس لیے جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں‘۔ سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ ’پی ٹی اے نے ہر درخواست کے لیے الگ وکیل رکھا ہے؟ یہ تو غلط ہے ایک وکیل کو آگاہی دی گئی دوسرے کو نہیں‘، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ’انٹلیجنس معلومات پر ایکس کو بند کیا گیا تھا‘، جس پر عدالت نے کہا کہ ’آپ کو ایکس کی بندش پر وجوہات دینی چاہئیں‘، ان ریمارکس کے ساتھ ہی عدالت نے ایکس/ٹوئٹر کی بندش سے متعلق دیگر درخواستوں کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے