وفاقی حکومت کا 71 ہزار ارب روپے سے زائد قرض اتارنے کا منصوبہ
ملکی قرضوں میں کمی کے لیے وفاقی حکومت نے ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کے تحت 71 ہزار ارب روپے سے زائد قرض اتارنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے مطابق وفاقی حکومت نے اضافی قرضوں پر ملک کا انحصار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق حکومت بیک وقت قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پیدا کرے گی اور زیادہ سے زیادہ رعایتی بیرونی فنانسنگ کو متحرک کیا جائے گا۔ عالمی قرضوں سے جاری کثیر الجہتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا جب کہ بچت بڑھانے کے لیے قومی بچت اسکیموں میں بہتری لائی جائے گی۔
حکومتی ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کے تحت بانڈز کے اجرا کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں موجودگی بڑھائی جائے گی۔ عالمی مارکیٹوں میں پانڈا، یورو بانڈز اور بین الاقوامی سکوک جاری کیے جائیں گے۔ ری فنانسنگ اور شرح سود کے خطرات کو کم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات، ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے گا ۔ قرض اتارنے کے پلان میں مالی خساروں کو کم کرنا بھی شامل ہے۔ مالی خسارے کم ہو جانے سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور استحکام کے نتیجے میں اضافی قرضوں پر ملک کا انحصار کم ہوگا۔
منصوبے کے تحت سرمایہ کاری میں وسعت، ڈومیسٹک ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ کو فعال کیا جائے گا۔ ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے بڑھائے جائیں گے۔ آئندہ چند سالوں میں نان بینک سیکٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس میں پنشن فنڈز، انشورنس اور ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا قیام بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند برس میں شریعہ کمپلائنٹ قرض مارکیٹ کے قیام کو فروغ دیا جائے گا۔ مقامی اور بیرونی قرضوں کے پورٹ فولیو کا میچورٹی پروفائل بڑھایا جائے گا اور میڈیم ٹرم ڈیبٹ مینجمنٹ اسٹریٹجی کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔